این اے تریپن سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج

۱۴ جون, ۲۰۱۸ ۲:۱۲ شام

اسلام آباد (92 نیوز) این اے تریپن سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا۔

ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ کئی حلقوں کے اہم امیدواروں کے کاغذات منظور کر لئے گئے، جبکہ کچھ کے کاغذات اعتراضات لگا کر مسترد کردیئے گئے۔

جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے ایڈووکیٹ وہاب بلوچ اور نوشین کھرل نے عمران خان کے کاغذات کو چیلنج کیا، جس کے بعد عمران خان کو ذاتی حیثیت میں اٹھارہ جون کو طلب کر لیا گیا۔

ادھر تحریک انصاف کی یاسمین راشد نے این اے ایک سو پچیس سے سابق صوبائی وزیرزعیم قادری کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا ۔

زعیم قادری کے کاغذات پر تیرہ اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ لودھراں سے پی ٹی آئی نے عبدالرحمان کانجو کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لودھراں میں پی ٹی آئی نے صدیق بلوچ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری ٹریبونل میں چیلنج کردی۔ پی ٹی آئی نے کہا کہ صدیق بلوچ کی بی اے ڈگری جعلی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں کامران ٹیسوری کے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دیا گیا ہے جبکہ فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی مکمل نہیں ہو سکی۔

کراچی کے حلقہ این اے 250 سے ایم ایم اے کے حافظ نعیم الرحمنٰ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں۔ این اے268 سے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا پی ایس ایس 11 لاڑکانہ سے، پی ایس پی کی فوزیہ حمید کے این اے249، پی ایس 104سے پی ایس پی کےحسان صابر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ پنوں عاقل 206 سے پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ  کے کاغذات  نامزدگی منظور کر لیے گئے ۔

سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور سابق تحصیل ناظم حامد نواز راجہ کے حلقہ پی پی 12،  پی ٹی آئی کےواصف قیوم کے بھی کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو گئے۔

دیپالپور کے حلقہ 187 سے پی ٹی آئی کے چودھری طارق ارشاد، پی پی 189 سے چوہدری سلیم صادق کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیئے گئے۔

پی ایس 80 سیہون سے سید مراد علی شاہ، پی پی 18 راولپنڈی سے شکیل اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ہیں۔

ادھر سابق صوبائی و‍زیر جام خان شورو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کردیا گیا ہے۔

اعتراض قاسم آباد کے رہائشی محبوب اپڑو کی جانب سے داخل کیا گیا، جبکہ این اے 224 ٹنڈو الہ یار سے پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالستار بچانی اور ذوالفقار ستار بچانی کے خلاف نا اہلی کی درخواست دائر کر دی گئی ۔

تازہ ترین ویڈیوز

Oops, something went wrong.