ایل این جی کیس ، شاہدخاقان عباسی، مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 اکتوبر تک توسیع


ایل این جی ، کیس ، سماعت، شاہدخاقان عباسی، مفتاح اسماعیل ، عمران الحق ، جوڈیشل ریمانڈ ، 28 اکتوبر ، توسیع
۱۱ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۱۲:۱۶ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔

ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

دوران سماعت شاہد خاقان عباسی نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ جیل میں ساتھیوں اور وکلا سے نہیں ملنے دیا جا رہا۔ اکٹھے بیٹھنے تک دفاع کیسے کریں گے۔ پوری مشینری استعمال ہو رہی ہے۔ عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے۔ حکومت کو بہت شوق ہے تو پہلے رہا کرے پھر دوبارہ گرفتار کر لے۔

سابق وزیراعظم نے استدعا کی کہ جیل میں ملزمان کی آپس میں ملاقات ، وکلا سے مشاورت اور دفاع کے لیے لیپ ٹاپ استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت میڈیکل رپورٹ بھی منگوائے۔

عدالت نے تینوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 28 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے حکومت اور نیب پر خوب تنقید کی۔ سابق وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا آزادی مارچ بڑی کامیابی ہے۔ شرکت کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

تازہ ترین ویڈیوز