ایل او سی، بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے سپاہی سمیت 2 شہید، 4 شہری زخمی


ایل او سی ، بھارتی فورسز ، بلااشتعال فائرنگ ، پاک فوج ، سپاہی سمیت 2 شہید ، 4 شہری زخمی ، آئی ایس پی آر ، راولپنڈی ، 92 نیوز
29 ستمبر, 2020 2:22 شام

راولپنڈی (92 نیوز) بھارتی فورسز کی جانب سے بروہ اور ٹانڈر سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی شفیق بے جگری اور 15 سالہ نوجوان شہید جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہوگئے۔ پاک فوج نے بھارتی فورسز کو بھرپور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فورسز نے ایل او سی کے بروہ اور ٹانڈر سیکٹرز میں اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتی شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے بروہ گاؤں کا 15 سالہ نوجوان شہید جبکہ ٹانڈر سیکٹر کے کرتان گاؤں میں 4 شہری شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک خاتون، ایک 80 سالہ بزرگ بھی شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی فورسز کو بھرپور منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاک فوج نے چُن چُن کر فائرنگ کرنے والی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں پاک فوج کے سپاہی شفیق نے بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے مؤثر جواب کے نتیجے میں کئی بھارتی فوجی چوکیاں تباہ ہو گئیں، بھارتی فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصانات پہچنے کی اطلاعات ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز