آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 3 جولائی کو طلب، پاکستان سے معاہدہ ایجنڈے میں شامل

آئی ایم ایف ‏ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ‏ ‏3 جولائی پاکستان اسلام آباد ‏ ‏92 نیوز وزارت خزانہ ‏
۲۸ جون, ۲۰۱۹ ۸:۴۹ دن

اسلام آباد ( 92 نیوز) آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 3 جولائی کو طلب کر لیا گیا ، پاکستان سے معاہدہ ایجنڈے میں شامل ہے ، اجلاس میں معاہدے کی رقم ، شرح سود، اقساط اور قرضے کی واپسی کا طریقہ کار  طے کیا جائے گا ،5 جولائی کو اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 3 جولائی کو ہوگا۔ ایجنڈے پر پاکستان سے معاہدہ موجود ہے۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دی تو معاہدہ یقینی ہو جائے گا۔3 جولائی  کے اجلاس میں معاہدے کی رقم اور شرح سود طے کی جائے گی۔ معاہدے پر دستخط 5 جولائی کو اسلام آباد میں ہوں گے۔

وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قرضے کی رقم کی قسطیں اور واپسی کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا۔ قرضے کے لیے پالیسی فریم ورک پیپر یکم جولائی کو فائنل ہو جائے گا۔ فریم ورک پیپر میں محصولات ، آمدن، اخراجات، بجٹ خسارے اور کرنٹ اکائنٹ خسارے کی حدود متعین کی گئی ہیں۔

پاکستان نے 2019 کے بجٹ میں بجٹ خسارا جی ڈی پی کا 7.2 فیصد رکھا ہے۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس خسارے کی بنیاد پر آئی ایم ایف قرضے کی منظوری موخر کر سکتا ہے۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے حال ہی میں 92 نیوز کی جانب سے اس خدشے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

تازہ ترین ویڈیوز