امید کرتے ہیں وزیراعظم اقوام متحدہ کی تقریر سے یو ٹرن نہیں لیں گے، احسن اقبال

امید ، وزیراعظم ، اقوام متحدہ ، تقریر ، یو ٹرن ، احسن اقبال
۲۸ ستمبر, ۲۰۱۹ ۳:۱۷ شام

 لاہور (92 نیوز) رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا وزیراعظم سے امید کرتے ہیں وہ اقوام متحدہ کی تقریر سے یو ٹرن نہیں لیں گے۔

احسن اقبال نے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اچھی تقریر کے ساتھ سفارتکاری کی بھی ضرورت ہے۔ عمران خان تقریر کے ماہر ہیں۔ 2011 میں نئے پاکستان پر شاندار لیکچر دیا۔ اس تقریر کی ہر بات سے انہوں نے یوٹرن لیا۔ آئی ایم ایف سے قرضہ، بیرونی دورے، سادہ زندگی گزارنے، 200 ارب ڈالر پاکستان لانے، گڈ گورننس، ٹیکس کولیکشن بڑھانے سمیت ہر بات پر یو ٹرن لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا عمران خان نے کشمیر کے حوالے سے 50 دن ضائع کر دیئے۔ 58 ممالک کی حمایت کا دعوی کرنے والے 16 ووٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔ کشمیر کے معاملے پر او آئی سی کا اجلاس نہیں بلا سکے۔ عمران خان کو جنرل اسمبلی کی تقریر سے یو ٹرن نہیں لینے دینگے۔

احسن اقبال بولے بھارت پر مضبوط سفارتی دباو ڈالے بغیر کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ جنگ ایک آپشن نہیں ہے کہہ کر کیا آپ دشمن کے ساتھ ملے ہوئے ہیں یا قوم کے ساتھ ۔

رہنما ن لیگ احسن اقبال نے مزید کہا مسلم لیگ ن پنجاب کی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں نئے بلدیاتی نظام کا جائزہ لیا گیا۔ یہ محسوس کیا گیا کہ پنجاب کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔ بلدیاتی نمائندوں کو ہٹانے سے سپرے وغیرہ نہیں ہوا اور ڈینگی پھیلا ۔

انہوں نے کہا بارشوں کے دوران شہروں کی صفائی کا نظام کام نہیں کر رہا۔ یہ پنجاب کے ساتھ بدترین انتقامی کارروائی ہے۔ بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے حکم پر ہوئے تھے۔ اس معاملے پر عدالتی کارروائی میں تیزی کیوں نہیں آئی ۔

رہنما ن لیگ احسن اقبال کا کہنا تھا اگر مسلم لیگ ن نے یہ کام کیا ہوتا تو 48 گھنٹوں میں نمائندے بحال ہو چکے ہوتے ۔ 60 ہزار سے زائد بلدیاتی نمائندوں کا قتل کیا گیا لیکن لاہور ہائیکورٹ میں سماعت آگے نہیں چل رہی ۔ چیف جسٹس اس کا نوٹس لیں اور پی ٹی آئی حکومت کا غیر آئینی اقدام ختم کیا جائے۔

تازہ ترین ویڈیوز