امریکا کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا


امریکا ، کورونا ، متاثرہ ، ملک ، چین ، اٹلی
27 مارچ, 2020 8:36 دن

 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا۔ چین اور اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ نئے مریض امریکا میں سامنے آئے جن کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہے۔ امریکا میں کورونا متاثرین کی تعداد 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 12 سو سے زائد مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کی خوفناک داستان میں مزید دردناک صفحات کا اضافہ ہو گیا۔ اٹلی، اسپین اور ایران کے بعد فرانس اور امریکا کے حالات بھی بگڑنے لگے۔

عالمی وبا کا مسکن بدلا تو ہوا نے بھی رخ بدل لیا۔ چین نے تمام غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلاؤ اور بیرون ممالک سے چین آنے والے افراد میں کورونا کی تشخیص کے باعث یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 8 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ متاثرین کی کل تعداد 80 ہزار سے زیادہ ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسپین میں 700 سے زائد کورونا متاثرین ہلاک ہو گئے جو اب تک رپورٹ ہونے والی سب سے زیادہ یومیہ ہلاکتیں ہیں۔ اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 4300 سے تجاوز کر چکی ہیں۔ زیر علاج مریضوں کی تعداد 57 ہزار سے زائد ہے اور 7 ہزار مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

ایران میں موذی وبا کے مزید 157 مریض دم توڑ گئے۔ ایران میں مجموعی طور پر 2 ہزار 234 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔ زیرعلاج مریضوں کی تعداد 16 ہزار715 ہے اور ساڑھے 10 ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

فرانس، برطانیہ، بیلجیم، سوئٹزرلینڈ، جرمنی، ملائیشیا، انڈونیشیا، سعودی عرب اور عراق سمیت متعدد ممالک میں مزید مریض عالمی وبا کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ قازقستان، آرمینیا اور چینل آئی لینڈز میں پہلی پہلی اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز