الیکشن کمیشن کے ممبران تعیناتی کیس، معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کا حکم

الیکشن کمیشن ‏ پارلیمنٹ ‏ اسلام آباد ‏ ‏92 نیوز ‏ اسلام آباد ہائیکورٹ
۱۴ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۱۲:۰۵ شام

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا کیس  پارلیمنٹ کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن کے دوممبران کی تعیناتی کے معاملے میں نیا موڑ آگیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بال پارلیمنٹ کے کورٹ میں پھینک دی،  عدالت کا کہنا ہے کہ اسپیکرقومی اور چیئرمین سینٹ ڈیڈ لاک کو ختم کرائیں اور الیکشن کمیشن کو غیرفعال ہونے سے بچائیں۔

معاملے پر وفاق نے جواب عدالت میں جمع کرا دیا اورعدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہونے تک سماعت ملتوی کردی جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ سپریم کورٹ،سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں بھی  درخواستیں دائر ہوئی ہیں ، اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے  کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے،کیا آپ الیکشن کمیشن کو نان فنکشنل کرنا چاہتے ہیں، کیا صرف سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہونے کی وجہ سےسماعت روکی جاسکتی ہے؟ ۔

عدالت عالیہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن تقریباً نان فنگشنل ہوچکا ہے، کیا پارلیمنٹ اتنا چھوٹا معاملہ بھی حل نہیں کرسکتی۔اسپیکر قومی اسمبلی اور چئیرمین سینٹ کو یہ معاملہ مشاورت سے حل کرنا چاہیے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت ابھی تک ڈیڈ لاک کا دفاع کرنا چاہتی ہے ،  آئینی اداروں کو نان فنکشنل نہیں ہونا چاہیے کیا حکومت یہ چاہتی ہے؟۔  اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انھیں وفاقی حکومت سے ہدایات لینے کی اجازت دی جائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہناتھا کہ پارلیمنٹ پر اعتماد ہے وہ اس معاملے کو حل کرے گی ، کون کہے گا کہ پارلیمنٹ کے فورم پر یہ معاملہ حل نہیں ہونا چاہیے؟۔

تازہ ترین ویڈیوز