Friday, June 18, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

الیکشن کمیشن نے خوشاب کے ضمنی الیکشن کیلئے بڑے فیصلے کر لیے

الیکشن کمیشن نے خوشاب کے ضمنی الیکشن کیلئے بڑے فیصلے کر لیے
May 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے خوشاب کے ضمنی الیکشن کیلئے بڑے فیصلے کر لیے۔ انتخابی عملے کی نقل و حرکت کیلئے ہر پولنگ اسٹیشن پر الگ گاڑی مختص کی جائے گی۔

گاڑی میں 2 پولیس اہلکار، دو رینجرز اہلکار اور ایک فوکل پرسن ہو گا۔ ریٹرننگ آفیسر کے پاس گاڑی میں موجود تمام افراد کے نمبرز ہوں گے۔

پولنگ کب بند ہوئی، کس وقت پولنگ اسٹیشن چھوڑا اور کہاں پہنچے؟ فوکل پرسن آر او اور ڈی آر او کو لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹ کرے گا۔ پولنگ اسٹیشن سے آر او آفس پہنچنے کا وقت بھی مقرر کر دیا گیا۔

115پولنگ اسٹیشنز کا عملہ ایک گھنٹے میں آر او آفس پہنچے گا۔ 65پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو ڈیڑھ اور تین پولنگ اسٹیشنز کے عملے کے پاس دو گھنٹے کا وقت ہو گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا کہ دس مانیٹرنگ ٹیمیں بھی حلقہ پی پی 84 خوشاب میں کام کریں گی۔ الیکشن کمشنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی بھی حلقے میں موجود رہیں گے۔ 50پولیس اہلکاروں پر مشتمل موٹربائیک اسکواڈ بھی حلقے میں ہو گا۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 13، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 9 پولیس اہلکار مامور ہوں گے۔ نارمل پولنگ اسٹیشن پر 6 اہلکار جبکہ دو دراز علاقوں میں 10 اضافی اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔

پی پی 84 خوشاب میں ضمنی الیکشن پانچ مئی کو ہو گا۔ حلقے میں 2 لاکھ 92 ہزار 687 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔