افغانستان سے چار ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان متوقع ، امریکی میڈیا


افغانستان امریکی فوجیوں کی واپسی امریکی میڈیا نیو یارک‏ ‏92 نیوز امن کی نوید ‏
۱۵ دسمبر, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۰ شام

نیو یارک ( 92 نیوز) افغانستان  میں امن کی نوید پیدا ہو گئی ، ٹرمپ انتظامیہ اگلے ہفتے 4 ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان کرنے والی ہے، امریکی میڈیا نے بڑا دعویٰ کر دیا۔

جنگ و جدل اور زخموں سے چور چور افغانستان میں امن کے دیے روشن ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں فوجیوں کی تعداد میں کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں اس وقت 12 سے 13 ہزار کے درمیان امریکی فوجی موجود ہیں اور 4 ہزار فوجیوں کی واپسی کے بعد تعداد 8 سے نو ہزار کے درمیان رہ جائے گی۔

چار  ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے لیکن انخلاء میں کچھ مہینے لگ سکتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس سال کے آغاز میں صدر ٹرمپ اپنے مشیروں پر یہ بات واضح کر چکے ہیں کہ وہ نومبر 2020 کے الیکشن تک تمام امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہا ہے جب امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ سے مذاکرات کا آغاز کیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاوس اور پینٹاگون نے خبر پر تبصرے سے انکار کیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز