اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کی تجاوزات پر سی ڈی اے کا نوٹس

۰۸ نومبر, ۲۰۱۸ ۶:۳۶ شام

اسلام آباد (92 نیوز) اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کی تجاوزات پر سی ڈی اے نے نوٹس لے لیا۔

سی ڈی اے کے نوٹس میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر نے سرکاری اراضی پر غیرقانونی تعمیرات بنائیں۔ پانچ روز میں تجاوزات نہ ہٹائیں تو گرا دیں گے۔

عدالت کے حکم پر جے آئی ٹی کی اعظم سواتی کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔ سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اور سواتی سے ہونے والی تلخی اور بات چیت کے بارے میں جے آئی ٹی کو تفصیلی آگاہ کیا۔

سابق آئی جی کے ساتھ ساتھ ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن اور تفتیشی افسر بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے تمام اہلکاروں سے تفصیلی پوچھ گچھ کی جبکہ جے آئی ٹی اور سی ڈی اے حکام نے اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کا بھی دورہ کیا اور فارم ہاؤس کی پیمائش بھی کی گئی۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم سواتی کو وزیر کے عہدے سے ہٹانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا انہیں کیوں ہٹایا جائے جبکہ سی ڈی اے بھی اعظم سواتی کے خلاف تحقیقات میں متحرک ہو گیا ۔

سی ڈی اے کی جانب سے وفاقی وزیر کو ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں سرکاری اراضی پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات پانچ روز میں گرانے کا کہا گیا۔ نوٹس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں سی ڈی اے خود کارروائی کرے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز