اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع

آغا سراج درانی
۰۱ مارچ, ۲۰۱۹ ۶:۲۱ شام

 کراچی (92 نیوز) احتساب عدالت کراچی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کر دی۔

نیب حکام نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ آغا سراج درانی کی کروڑوں روپے کی جائیداد کا معلوم ہوا ہے۔ مختلف بنگلے آغا سراج درانی کی ملکیت ثابت ہو رہے ہیں۔ فرنٹ مین کے ذریعے بنگلے تعمیر کروائے،ان کی صاحبزادیوں نے بھی تین فلیٹس بک کروائے۔ جائیدادوں کی مکمل چھان بین کے لیے مزید ریمانڈ مطلوب ہے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ آغا سراج درانی کی جائیدادوں کی ادائیگیاں کون کر رہا ہے۔ یہ بھی بتایا کہ گلزار احمد کے اکائونٹ سے بھی ادائیگی ہوئیں ، جو مفرور ہے اس کے اکاونٹ میں چھاسی کروڑ روپے موجود ہیں۔

عدالت نے نیب کی استدعا پر آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں گیارہ مارچ تک توسیع کر دی۔

آغا سراج درانی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وہ کوئی سزا یافتہ نہیں ہیں ، استعفی کیوں دیں۔

آغا سراج درانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیب کا ان کے ساتھ رویہ اچھا ہے لیکن مجھے ایسے کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں کھڑکی بھی نہیں ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز