اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے ہرا دیا


اسلام آباد یونائیٹڈ پشاور زلمی پی ایس ایل فور دبئی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لاہور قلندرز
۰۹ مارچ, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۳ شام

 کراچی (92 نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے ہرا دیا۔ یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ڈیلپورٹ کی دھواں دار بیٹنگ اور فہیم اشرف کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے آؤٹ کلاس کر دیا۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور مقررہ 20 اوورز میں 238 رنز بنائے۔

اسلام آباد کے کیمرون ڈیلپورٹ اور چیڈوک والٹن نے 118 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ ڈیلپورٹ نے شاندار بیٹنگ کرتےہوئے 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ چیڈوک والٹن نے 48 رنز بنائے۔

آصف علی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 21 گیندوں پر 55 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

لاہور کے شاہین شاہ آفریدی، لمی چنے اور ڈیوڈ ویزے نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز نے 51 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 38 اور اینٹن ڈیوسچ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے پر لاہور قلندرز کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔ سہیل اختر کے 75 رنز بھی لاہور قلندرز کو شکست سے نہ بچا سکے اور لاہور کی ٹیم نو وکٹوں پر 189 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد کے فہیم اشرف نے شاندار باؤلنگ  کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تازہ ترین ویڈیوز