اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عمیر بلوچ نے عدالت سے وکلا کو زبردستی نکال دیا


اسلام آباد ہائیکورٹ بار ، سیکرٹری ، غنڈہ گردی، عدالت
۱۲ دسمبر, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۴ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عمیر بلوچ نے چیف جسٹس کی عدالت سے وکلا کو زبردستی نکال دیا۔ ہڑتال نہ کرنے کی جسٹس اطہر من اللہ کی ہدایت پر بھی کان نہ دھرا۔

کالے کوٹ والوں نے قانون کو پاؤں تلے روند ڈالا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے  بار کے سیکرٹری عمیر بلوچ کو ہدایت کی کہ ان کی عدالت میں ہڑتال نہ کریں مگر وہ ٹس سے مس نہ ہوئے۔

عمیر بلوچ نے وکلا کو عدالت سے باہر نکالتے ہوئے چیف جسٹس کو جواب دیا جب آپ نے عدلیہ بحالی تحریک چلائی تو ہم نے آپ کے کہنے پر ہڑتالیں کی تھیں، یہی نہیں عمیر بلوچ نے باہر نکل کر میڈیا کو بھی دھمکی دے دی۔

وکلاء کو زبردستی عدالت سے باہر نکالنے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمیر بلوچ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی حد تک ان کا لائسنس بھی معطل کرتے ہوئے 19 دسمبر کو طلب کر لیا۔

ہڑتال کے باعث جڑواں شہروں سمیت پنجاب بھر میں سیکڑوں کیسز التواء کا شکار ہوگئے۔ پولیس کو پیشی پر لائے گئے قیدیوں کو واپس لے جانا پڑا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 4 بھارتی قیدیوں کی رہائی کی درخواست بھی ملتوی ہو گئی۔

تازہ ترین ویڈیوز