احسن اقبال کا حکومت پر ملکی اداروں کو بے توقیر کرنے کا الزام


احسن اقبال ، حکومت ، ملکی اداروں ، بے توقیر ، الزام
۲۸ نومبر, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۵ شام

 کراچی (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے حکومت پر ملکی اداروں کو بے توقیر کرنے کا الزام لگا دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا ہم حکومت کو گھر بھیجنے میں بہت بے صبرے ہیں لیکن حکومت کو خود گھر جانے کی جلدی ہے ۔ تجربہ ناکام ہو گیا، اب حکومت فوری طور پر تبدیل ہونی چاہئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا آج تمام اداروں کو بے توقیر کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ پچاس فیصد سے زیادہ کاٹ دیا گیا ہے۔ اس بجٹ میں تو جاری منصوبے بھی پورے نہیں ہو سکتے، نئے کیسے شروع کریں گے۔ اگر ملک انہیں نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں رہا تو ایسا بحران پیدا ہو جائے گا جس سے نکلنا ناممکن ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا فارن فنڈنگ کیس پاکستانی سیاست کا سب سے بڑا کیس ہے۔ اس کا جلدازجلد فیصلہ سنایا جانا چاہئے۔ اگر چوری نہیں کی تو پھر کس چیز کی پردہ داری ہے۔ اب خان صاحب کی باری ہے کہ اپنی تلاشی دیں۔

احسن اقبال نے کہا ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ نوازشریف کو جلدازجلد صحت یاب کرے۔ نوازشریف کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ نوازشریف جیسے ہی صحت مند ہوں گے وہ ایک دن بھی ضائع کیے بغیر واپس آئیں گے۔

تازہ ترین ویڈیوز