احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی ضمانت منظور


احسن اقبال ، درخواست ضمانت منظور ، لاہور ، 92 نیوز
۲۵ فروری, ۲۰۲۰ ۲:۴۵ شام

اسلام آباد (92 نیوز) ایک دن میں ن ليگ کو دو بڑے ریلیف مل گئے۔ ليگي رہنماء احسن اقبال کي نارووال اسپورٹس کمپليکس کيس جبکہ شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی ریفرنس ميں ضمانت منظورکرلی گئی۔ اسلام آباد ہائيکورٹ نے ایک ایک کروڑ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے لیگی رہنماؤں کو بڑا ریلیف مل گیا۔ ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی اور نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔عدالت نے ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکوں پر فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایل این جی کیس میں پیپرا رولز کا تو اطلاق ہی نہیں ہوتا اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوا۔ کیا نیب نے تفتیش کی کہ ٹرمینل کا ٹھیکہ سستے داموں ممکن تھا؟۔

تفتیشی افسر نے جواب دیا ایک گیس کمپنی کا خط موجود ہے جو سستے داموں آفر کر رہی تھی۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا اس کمپنی نے بولی میں حصہ لیا تھا ؟

جس پر تفتیشی نے جواب دیا اس کمپنی نے بولی میں حصہ نہیں لیا تقابلی جائزے کیلئے بتایا کہ سستے میں ممکن تھا۔

چیف جسٹس نے تفتیشی کی سرزنش کی بولے یہ نہ کریں آپ۔ جو کمپنی بولی میں شامل نہیں ہوئی اس کا حوالہ کیسے دے رہےہیں؟۔ آپ آگ کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

نارروال اسپورٹس سٹی کیس میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سوال اٹھایا کہ نیب کوئی ایک ٹھوس وجہ تو بتائے کہ کیوں احسن اقبال کو قید ہی رکھنا ہے؟۔

نیب پراسیکیوٹر بولے انکوائری کر رہے ہیں اس لئے ان کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ باہر نکل کر احسن اقبال سارا ریکارڈ تباہ کر دیں گے یا بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ کو خدشہ ہے وہ بھاگ جائیں گے تو نام ای سی ایل میں ڈال دیں،یا تفتیشی افسر پاسپورٹ بھی رکھ سکتا ہے۔

عدالت نے دونوں ملزمان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت منطور کرلی۔

تازہ ترین ویڈیوز