احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی


احتساب عدالت رمضان شوگر ملز کیس سماعت یکم اگست ملتوی
۲۰ جولائی, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۷ دن

 لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی گئی۔ آئندہ سماعت پر حمزہ کو پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔

رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو احتساب عدالت  کے روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت صرف شہباز شریف کی موجودگی پر عدالت نےاستفسار کیا کہ حمزہ شہباز کہاں ہیں؟

نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور تفتیشی کو حمزہ کو پیش کرنے کاحکم نہیں ملا جس پر حمزہ شہباز کے وکیل کا کہنا تھا کہ پچھلی سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا واضح حکم دیا گیا۔ حمزہ کو پیش نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔  نیب کا یہ کہنا غلط ہے کہ وہ دوسرے تفتیشی کی تحویل میں ہیں۔ حمزہ جوڈیشل کسٹڈی میں نہیں بلکہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے لیکن بعض اوقات کمر درد کے باعث پیش نہیں ہو پاتا۔ میرے خلاف برطانوی اخبار میں سٹوری چھپوائی گئی۔ نوید اکرام نے کرپشن کی تو ہماری حکومت میں اسے اور بیٹے کو گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین ویڈیوز