اب ججز کا احتساب شروع ہو چکا، کام نہ کرنے والے ججز ٹارگٹ ہیں، چیف جسٹس



۱۲ اکتوبر, ۲۰۱۸ ۱۱:۵۳ دن

اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس نے لاہور ہائی کورٹ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دئیے اور ریمارکس دئیے اب ججز کا احتساب شروع ہو چکا ہے۔ کام نہ کرنے والے ججز ٹارگٹ ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے قواعد سے متعلق کیس اور دیگر مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے واضح  کیا کہ ججز کا احتساب شروع ہوچکا۔ اب سب کو کام کرنا ہو گا، کام نہ کرنے والے ججز ٹارگٹ ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کے ساتھ رعایت نہیں ہوں گی۔ مراعات، گاڑی کا تو سب مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ بتائیں کہ کس نے کتنا کام کیا۔ لوگ انصاف کیلئے چیخ اور مر رہے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کی کارکردگی پر منصف اعلی بولے لوگ بلک رہے ہیں کہ عدالتوں میں کام نہیں ہو رہا۔ کیا ہائی کورٹ نے ماتحت عدلیہ میں زیر التواء مقدمات کا جائزہ لیا؟۔ کل ٹرسٹ اراضی کیس میں مظفرگڑھ کے سول جج پیش ہوئے؟۔ جج نے بتایا کہ ایک ماہ میں صرف 22 مقدمات کا فیصلہ کیا۔ کیا ہائی کورٹ نے اس جج سے باز پرس کی؟۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ ہم روزانہ 22 مقدمات کے فیصلے کرتے ہیں۔ صرف کمرہ عدالت نمبر 1 سے سات ہزار مقدمات نمٹا چکے ہیں۔ ملک سے سفارش کی بیماری کو ختم کرنا ہے۔

عدالت نے لاہور ہائی اور ماتحت عدلیہ سے متعلق درخواست پر رجسٹرا ر لاہور ہائی کور ٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔



تازہ ترین ویڈیوز