Friday, January 22, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

اب اپوزیشن کیخلاف حکومت نہیں اسکی کارکردگی بولے گی، فردوس عاشق اعوان

اب اپوزیشن کیخلاف حکومت نہیں اسکی کارکردگی بولے گی، فردوس عاشق اعوان
December 4, 2020

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقیدی وار کرتے ہوئے کہا کہ اب اپوزیشن کے خلاف حکومت نہیں اس کی کارکردگی بولے گی۔ ڈویژن لیول پر صحافیوں کو پلاٹ دینے کا بھی اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں ظل سبحانی اور کنیز اول کا بھی تذکرہ کیا، کہتی ہیں اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کو نہیں عوام کو خطرہ ہے، جو کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔ کہا کہ ن لیگ میں سے ن کا نقطہ غائب ہے، غائب ہونیوالے کو زندہ رہنے کے لیے ہتھکنڈوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا ہونے والی کو عورت کے مسائل کا کیا پتہ؟، خواتین کے ساتھ جاتی امراء میں بیٹھ کر باتیں کرنا اور بات ہے، کنیزوں کے جھرمٹ میں وہ حکومت کو تڑیاں لگاتی ہیں۔ گھر بھیجنا ہے تو کاغذ کے ٹکڑے پر تحریک عدم استحکام اسپیکر کو دیں۔ ہمیں آگاہی ہے بیانیے کے ساتھ آپ کا خاندان بھی متفق نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں زندہ رکھنے کے لیے اپوزیشن ماسک لگاتی ہے۔ اصل ماسک کورونا کے خلاف لگانے کی ضرورت ہے۔ آج ایک کنیز اول وزیراعظم کو نیچا دکھا رہی تھی، انہیں نہ وزیراعظم نہ وزیراعلیٰ پسند، انہیں شاہی خاندان کا بیٹا، بھتیجا پسند ہے۔ میڈیا کی اسکرین پر زندہ رکھنے کے لیے آپ ہم ہر حملے کرتے ہیں۔ ہم نے کہا کہ آپ زندگی کے آخری چند دن بیٹی کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں تو گزاریں لاہور:ضمانت پر دندناتی خاتون قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کے متاثرین کسی چھتری میں پناہ لینا چاہتے ہیں تو اِن کا حق ہے۔ ن لیگ کو جلسوں سے پہلے سرپرائز ملے گا، ووٹ کو عزت دو والے کس طرح عثمان بزدار کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں صحافی کالونی بنائیں گے۔ کمشنرز کو زمین کے لیے احکامات جاری کررہے ہیں۔ صحافتی برادری کو پنجاب حکومت کا ستون سمجھنا ہے، پنجاب حکومت کے واجبُ الادا رقم بھی میڈیا ہاؤسز کو کلئیر کردیں گے۔ صحافی کالونی بلاک ایف کا وزیراعلیٰ پنجاب افتتاح کریں گے۔ صحافی کالونی میں ترقیاتی ضروریات پر فوری کام شروع کروائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلب لاہور کی اعزازی رکن ہوں، مسائل اور تکالیف کو حکومت تک پہنچانے میں پریس کلب نے کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پریس کلب آئی ہوں۔ وزیراعلی پنجاب پریس کلب کو پچھلے سال 2 کروڑ کی گرانٹ دے چکے ہیں۔

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کارڈ سب سے پہلے صحافیوں کو ملیں گے۔ شناختی کارڈ کی طرح ہر شہری کی جیب میں ہیلتھ کارڈ ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی طرف عثمان بزدار حکومت کا ایک اہم قدم ہے۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشن کو ڈیجیٹل کرنے جارہے ہیں، قلم کی جگہ ٹی وی اور اب ٹی وی کی جگہ سوشل میڈیا لے رہا ہے۔ میڈیا ٹاور بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب بھر کے صحافی اور تنظیمیں وہاں سے ٹریننگ حاصل کریں گی۔