زرداری طبی بنیادوں پر رہائی کے بعد پمز سے گھر منتقل


آصف علی زرداری، طبی بنیادوں پر رہائی، پمز سے گھر روانہ، راولپنڈی، 92 نیوز
۱۲ دسمبر, ۲۰۱۹ ۴:۵۸ شام

کراچی (92 نیوز) آصف زرداری کو رہائی مل گئی، پمز اسپتال سے زرداری ہاؤس منتقل ہوگئے، کارکنوں نے اسپتال سےباہر نکلنے پر پھول برسائے اور نعرے بازی کی، سابق صدر خراب موسم کے باعث کراچی نہ جاسکے۔

میگامنی لانڈرنگ کیس اور پارک لین کیس کے ملزم آصف علی زرداری کو رہائی مل گئی، ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر روبکار جاری ہوئی تو سابق صدر کو پمز کی سب جیل سے روانگی کی اجازت مل گئی۔

آصف زرداری پمز اسپتال سے روانہ ہوئے تو کارکنوں نے گل پاشی کی اور نعرے بھی لگائے، سابق صدر اسپتال سے زرداری ہاؤس منتقل ہوگئے، شام کے وقت کراچی روانہ ہونا تھا تاہم روانگی میں خراب موسم آڑے آگیا

آصف زرداری کی رہائی پرسابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان،نفیسہ شاہ، روبینہ خالد بھی پمز اسپتال موجود  تھیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری شکاری ہیں، باہر آکر کھلاڑی کا شکار کریں گے۔

شیری رحمان کا کہنا ہے آصف زرداری کوکراچی کے اسپتال میں منتقل کیا جائےگا، سب جانتے ہیں یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا ہے فیملی چاہتی ہے ڈاکٹرز صحت کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں کہ علاج کہاں ہونا چاہئے؟ انصاف کا تب بول بالا ہوگا جب اس کالے قانون کا خاتمہ کیا جائے گا جس کے تحت کسی کو بھی پکڑ کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی تھی، سابق صدر کے علاج کیلئے کراچی کے نجی اسپتال میں کمرہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز