آزادی مارچ، حکومتی وفد کی عبدالغفورحیدری سے آج ہونیوالی ملاقات منسوخ


آزادی مارچ، حکومتی وفد، عبدالغفورحیدری، آج، ملاقات منسوخ، اسلام آباد، 92 نیوز
۲۰ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۴:۰۹ شام

اسلام آباد (92 نیوز) آزادی مارچ کے معاملہ پر حکومتی وفد کی مولانا کی ٹیم کے سرکردہ رہنما عبدالغفورحیدری سے آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی۔

حکومت اور جے یو آئی کےنمائندوں کے تندوتیز لفظی حملوں کے  آگے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ثالثی ایک رات بھی ٹک نہ پائی۔

جے یو آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کیلئے گزشتہ رات ہونیوالے بریک تھرو کو صبح ہوتی ہی بریک لگ گئی ، مذاکرات کی حامی بھرنے والی جے یو آئی  نے آج ہونیوالی ملاقات یہ کہہ کر منسوخ کردی کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو مذاکرات پر تحفظات ہیں اس لیے ۔حتمی فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی ۔

حکومت سےمذاکرات کرنے ہیں یا نہیں ، جمعیت علمائے اسلام یہ معاملہ کل رات آٹھ بجے ہونیوالے رہبر کمیٹی کے اجلاس میں رکھے گی۔ مذاکرات کی باتیں اپنی جگہ مگر مولانا فضل الرحمٰن کی ٹیم تو عمران خان کے استعفے کے سوا بات کرنے کو تیار ہی دکھائی نہیں دیتی۔

ایک طرف جے یو آئی عمران خان کےاستعفے کا مطالبہ کررہی ہے تو دوسری طرف حکومت ایسا سوچنا بھی مت کا پیغام دے رہی ہے ، ایسی صورتحال مذاکرات شروع بھی ہو گئے تونتیجہ کیا نکلے گا ، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز