یوئیفا چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ،پرتگال نے لیتھونیا کو شکست دیدی

۱۱ ستمبر, ۲۰۱۹ ۲:۵۳ شام

لندن ( 92 نیوز) یوئیفا چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں  پرتگال نے  لیتھونیاکو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ، فاتح ٹیم کی جانب سے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو  نے چار گول اسکور کیے ، دوسرے میچ میں انگلینڈ نے کوسووو کو پانچ ،تین  سےمات دی۔

یورپین چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں  ،ٹیموں کی مین راؤنڈ میں جگہ بنانے کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں ۔ کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار پرفارمنس کی بدولت  پرتگا نے لیتھونیاکو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی،فاتح ٹیم کی جانب سے رونالڈو نے چار گول اسکور کیے۔

کھیل کے ساتویں منٹ میں رونالڈو نے گیندکو جال  میں پھینک کر ٹیم کو برتری دلائی،28ویں منٹ میں لیتھونیاکی جانب سے وائی ٹاٹس  نے گول داغ کر میچ برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں پرتگال نے حریف ٹیم کو میچ میں واپسی کا کوئی موقع فراہم نہ کیا اور چار گول اسکور کیے   جس میں تین گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے،پرتگال نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے میچ اپنے نام کیا۔

دوسرے  میچ میں انگلینڈ نے کوسووو کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔

تازہ ترین ویڈیوز