نمرتا کماری کیس میں نیا موڑ، موت سے قبل جنسی عمل کا انکشاف

نمرتا کماری کیس، نیا موڑ، جنسی عمل کا انکشاف، میڈیکل رپورٹ، لاڑکانہ، 92 نیوز
۰۸ نومبر, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۸ شام

لاڑکانہ (92 نیوز) میڈیکل طالبہ نمرتا کماری کے کیس نے نیا موڑ لے لیا، موت سے قبل جنسی عمل کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر جسٹس فار نمرتا ٹرینڈ چلتا رہا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ساتھی طالب علموں نے احتجاج بھی کیا۔

آصفہ ڈینٹل کالج ہاسٹل میں نمرتا کماری کی پراسرار موت، مرنےسے قبل میڈیکل طالبہ سے جنسی عمل ہونے کا بھی انکشاف، میڈیکولیگل افسر نے 50 روز بعد حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی تو معاملہ پہلے سے بھی زیادہ پیچیدہ ہوگیا۔

میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ موت سے قبل نمرتا کے ساتھ جنسی عمل کیا گیا، لیبارٹری کی رپورٹ سامنے آئی تو نمرتا کے جسم سے تیسرے شخص کا ڈی این اے بھی مل گیا تاہم شناخت نہ ہوسکی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد نمرتا کے کلاس فیلوز نے کالج گیٹ پر احتجاجی کیمپ لگا لیا، وائس چانسلر اور ہاسٹل وارڈن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، پلے کارڈز اٹھا کر نعرے بازی کی۔

نمرتا کے ساتھی طالب علم نے کہا پوسٹمارٹم رپورٹ سے قتل ثابت ہوگیا، فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے نمرتا کے خون کا حساب لیا جائے، انصاف کی فراہمی تک ہمارا احتجاج جاری رہے گی۔

نمرتا کی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ جسٹس فار نمرتا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، لوگوں کی بڑی تعداد نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین ویڈیوز