ملک کے اکثر علاقوں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا

۱۹ مئی, ۲۰۱۷ ۹:۴۶ شام

لاہور(92نیوز)ملک کے اکثر علاقوں میں آج بھی سورج آگ برساتا رہا،قہر کی گرمی اور لو نے شہریوں کو نڈھال کیے رکھا تاہم کچھ مقامات پر بارش اورژالہ باری بھی ہوئی۔

تفصیلات کےمطابق گرمی  وہ بھی قہر کی سوا نیزے پرآئے سورج نے شہریوں کو نڈھال کردیا جبکہ لو کے تھپیڑے بھی شدت بڑھاتے رہے۔گزرے چوبیس گھنٹوں کےدوران سب سےزیادہ گرمی دادو اورلاڑکانہ میں پڑی جہاں پارہ انچاس درجے تک پہنچ گیا، سبی، موہنجودڑو، سکھر ، رحیم یار خان،ملتان اور دیگر میدانی علاقوں میں بھی گرمی نے لوگوں کی چیخیں نکلوادیں۔

اسی دوران بعض علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش بھی ہوئی میانوالی میں ژالہ باری کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

کشمور میں بھی تیز آندھی نے پارہ گرادیاکشمیر اور کوہاٹ میں بھی کئی مقامات پر بادل برستے رہے ، موسم کا حال بتانے والوں نےاگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم  ہزارہ پشاور، کوہاٹ، بنوں ،ملتان ،سرگودھا اورساہیوال ڈویژن میں کہیں کہیں رم جھم بھی متوقع ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز