حکومت کا عوام کو کم نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنیکا فیصلہ

حکومت، عوام، کم نرخوں، اشیائے ضروریہ، فراہم کرنیکا فیصلہ، وزیراعظم، زیرصدارت اجلاس، اسلام آباد، 92 نیوز
۰۸ نومبر, ۲۰۱۹ ۵:۴۲ شام

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں حکومت نے عوم کو کم نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پر شہریوں کو آٹا، گھی، چینی، چاول اوردالیں کم نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو فوری 6 ارب روپے کی فراہم دئیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کو اشیائے ضروریہ کی عوام تک دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو رقم کی فراہمی سے آٹا، گھی، چینی، چاول اوردالوں کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہماری کوشش ہے کم آمدنی والے افراد اور غریبوں کوخصوصی ریلیف فراہم کریں۔ مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی صورتحال کے پیش نظر مشکل فیصلے کیے، مشکل فیصلوں کی وجہ سے آج معیشت میں استحکام آیا، اقتصادی اعشاریے بہتری ظاہر کر رہے ہیں، آئندہ دنوں میں مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو چیئرمین اور ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے اشیائے ضروریہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین اور ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا دوران بریفنگ کہنا تھا فنڈز کی فراہمی سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 132 روپے ہوگی، چینی کی فی کلوقیمت 9 روپے، گھی فی کلو 30 روپے کم میں ملے گا، چاول کی قیمت میں 20 روپے اور دالوں کی قیمت میں 15 روپے تک کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن کا تدارک کیا جا رہا ہے، اشیائے خور و نوش کا معیار یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر یوٹیلیٹی اسٹورز سے کرپشن کے خاتمے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

وزیرمواصلات مراد سعید کا کہنا تھا 800 پوسٹ آفسزکو بھی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کےلئے استعمال کیا جا سکتا ہے، پاکستان پوسٹ اشیائے ضروریہ کی گھروں تک فراہمی کےلئے جلد ہوم ڈیلیوری شروع کرے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز