Friday, May 3, 2024

پاکستان اور عوام کو معاشی بدحالی سے نجات دلانا قومی ایجنڈا ہے، شہباز شریف

پاکستان اور عوام کو معاشی بدحالی سے نجات دلانا قومی ایجنڈا ہے، شہباز شریف
November 22, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اور عوام کو معاشی بدحالی سے نجات دلانا قومی ایجنڈا ہے، پارٹی رہنماؤں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ معاشی خود انحصاری کیلئے سیاسی استحکام اور قومی کاوش درکار ہے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے، شہبازشریف سے سابق سینیٹر وقار احمد اور خیبر پختونخوا کے پارٹی صدر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔

سابق سینیٹر وقار احمد اور امیر مقام نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف کو مبارکباد دی، رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ معاشی خود انحصاری کے لئے سیاسی استحکام اور قومی کاوش درکار ہے، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہمیشہ قوم کے اعتماد اور توقعات پر پورا اتری ہے، پاکستان کے معاشی مفادات کا تقاضا ہے کہ سیاسی استحکام سے بحرانوں کا مقابلہ کیا جائے۔

سینیٹر وقار احمد نے 16 ماہ کے دوران وزیراعظم کے طور پر شہباز شریف کی پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔