Thursday, May 2, 2024

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری
November 22, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف درج درخواست پر شکایت کنندہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران کا اجلاس آج بھی ہوا۔

اجلاس میں شکایت کنندہ اور جسٹس مظاہر نقوی کے دلائل کو بغور جائزہ لینے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اُن سے 14 دن میں جواب طلب کرلیا۔جس کے بعد جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف مزید کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس 4:1 کی اکثریت سے جاری کیا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے شوکاز جاری کرنے کے حق میں رائے دی جبکہ جسٹس اعجازالاحسن نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی حمایت نہیں کی۔

دوسری جانب جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف درخواست بھی دائر کردی ہے۔