Thursday, May 2, 2024

بلوچ لاپتہ طلبہ کیس، نگران وزیراعظم، وزیردفاع و داخلہ اسلام آباد ہائیکورٹ طلب

بلوچ لاپتہ طلبہ کیس، نگران وزیراعظم، وزیردفاع و داخلہ اسلام آباد ہائیکورٹ طلب
November 22, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ طلبہ لاپتہ کیس میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، دفاع و داخلہ کے وزراء کو 29 نومبر کو طلب کرلیا۔ عدالت نے وزراء کمیٹی کی رپورٹ مسترد کردی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی کمیشن عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے وزراء کمیٹی اجلاس کی رپورٹ پیش کی۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے کمیشن رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ پرعدالت کیلئے شرم کا مقام ہے۔ وزیراعظم اور وزیرداخلہ بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں جنھیں احساس ہونا چاہیے تھا، یہ بلوچ طلبا کا معاملہ ہے، جسے وزیراعظم کو بھیجا۔ ہم سمجھے وزیراعظم آکر کہیں گے یہ ہمارے بچے ہیں۔

جسٹس محسن اخترنے مزید کہا کہ کمیشن میں ہائی پروفائل لوگ شامل تھے جس کے باوجود کوئی پیشرفت کیوں نہیں ہوئی؟، یہ کمیشن صرف عدالتوں کے فیصلوں کوبائی پاس کرنے کیلئے بنا ہے۔ عدالت نے نگران وزیراعظم، وزیردفاع و داخلہ کوطلب کرنے کے ریمارکس دیئے تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے طلب نہ کرنے کی استدعا کی۔ جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اس میں ایسی کوئی بات نہیں۔ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں، جن کو بلا رہے ہیں۔ سب مذاق بنایا جا رہا ہے۔

عدالت نے نگران وزیراعظم، وزراء اور سیکرٹری دفاع و داخلہ کو طلب کرلیا۔